مجھے آواز مت دینا
مجھے ایسی زمینوں سے
کبھی آواز مت دینا
جہاں پر خواب سارے
ٹوٹ جاتے ہیں
جہاں کے لوگ
ہاتھوں کی لکیروں سے
سیاہی دھو نہیں سکتے
جہاں کے آسمانوں میں
کہیں سورج نہیں ہوتا
کوئی رستہ نہیں ملتا
گھنے تاریک
جنگل سے نکلنے کا
مجھے ایسی زمینوں سے
کبھی آواز مت دینا
ہوا ہو یا کہ پانی ہو
صدا ہو یا کہ سایہ ہو
مجھے اس پار جانا ہے
کہ سورج کو بلانا ہے