میری اچھی آپا آؤ
میری اچھی آپا آؤ
آؤ میرا جی بہلاؤ
گل گل باتی چنے چباتی
کہہ کہہ کر تم خوب ہنساؤ
اٹکن بٹکن دہی چٹاخا
ایسے ایسے کھیل کھلاؤ
میرے لیے بازار سے اپیا
چینی کی گڑیا منگواؤ
میری اس گڑیا کی خاطر
منا سا گھروا بنواؤ
میرے دونوں ہاتھ پکڑ کر
خوب نچاؤ خوب کداؤ
منہ اور ہاتھ دھلا کر میرا
صاف نئے کپڑے پہناؤ
منی سی گاڑی میں بٹھا کر
مجھ کو چمن کی سیر کراؤ
سیر سے جب میں واپس آؤں
ایک کہانی مجھ کو سناؤ
پھر اچھی سی لوری دے کر
تم میری نندیا کو بلاؤ
یا نیرؔ کے گیت سہانے
گا کر میرا جی بہلاؤ