میں اپنی ذات کی تفسیر کرنے والا کون
میں اپنی ذات کی تفسیر کرنے والا کون
میں ایک خواب ہوں تعبیر کرنے والا کون
لکھی ہوئی ہے جو دل کی زباں میں دھڑکن پر
میں اس کتاب کو تحریر کرنے والا کون
ابھی تو قید سے نکلا ہوں ان نگاہوں کی
میں پھر خیال کو زنجیر کرنے والا کون
میں اپنے آپ کو جیتوں یہی مناسب ہے
میں ممکنات کو تسخیر کرنے والا کون
مجھے عزیز ہے دن کی مسافتوں کا شعور
میں ایک رات کی تعمیر کرنے والا کون
مرے وجود کے صحرا کا کب تقاضہ ہے
میں اپنی پیاس کو تصویر کرنے والا کون
جہاں لہو کی سماعت ہو سنگ خامشی
میں اس مقام پہ تقریر کرنے والا کون