مہسا امینی کے قتل پر ایران میں ہونے والے مظاہروں کی حقیقت کیا ہے؟
رواں ماہ (ستمبر) کے اوائل میں تہران میں پولیس کی حراست میں ایک 22 سالہ نوجوان خاتون مہسا آمینی کی ہلاکت کے بعد سے ایران، حکومت مخالف مظاہروں کی لپیٹ میں ہے۔
ایران اخلاقی پولیس، گشتِ ارشاد کے اراکین نے امینی کو ایرانی حکومت کے طے شدہ ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ بعد میں اس کی موت کی وجہ، جس کے بارے میں حکام نے کہا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے - جبکہ اس دعوے سے اس کا خاندان انکار کرتا ہے۔
مہسا امینی کی موت نے ملک گیر مظاہروں کو بھڑکا دیا اور ایران میں نسبتاً لبرل سوچ کے حامیوں نے اسے موقع کو بھرپور انداز میں قدامت پسند حکومت کے خلاف استعمال کیا۔ تہران، تبریز، مشہد، اصفہان، شیراز اور یہاں تک کہ مقدس شہر قم کے باشندوں نے سڑکوں پر مارچ کیا اور سیکورٹی فورسز کا مقابلہ کیا۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ان مظاہروں میں اب تک کم از کم 41 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں مظاہرین اور پولیس دونوں شامل ہیں۔ حکام نے انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو بلاک کر دیا ہے، ساتھ ہی ملک کے بیشتر حصوں میں انٹرنیٹ اور سیلولر سروس تک رسائی ختم کردی گئی ہے یا سست کر دی ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بدھ کے روز سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں ان مظاہروں کو بڑے پیمانے پر پُرتشدد کہا اور مغرب کی طرف سے ورغلانے کو اس کی وجہ قرار دیا "وہ ہمارے ملک میں افراتفری پھیلانا اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں،" انہوں نے امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا۔
ایرانی احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟
گشت ارشاد کے اہلکاروں نے ماہسا آمینی کو 13 ستمبر کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ ملک کے شمال مغربی حصے میں اپنے آبائی شہر سے تہران جا رہی تھیں۔ پولیس کے مطابق امینی نے طے شدہ لباس زیب تن نہیں کررکھا تھا جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف سر پر لیے جانے والے سکارف یا حجاب کا تھا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، حراست کے دوران کسی موقع پر، امینی کو دل کا دورہ پڑنے پر کسرہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 16 ستمبر کو کوما میں جانے کے بعد انتقال کر گئیں۔ اس کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر پھیل گئی، جس سے مشتعل ایرانیوں نے ہسپتال کے باہر اور گلیوں میں جمع ہونا شروع کر دیا۔
حالیہ برسوں میں ایران میں ہونے والے دوسرے مظاہروں کی طرح، یہ مظاہرے تہران اور دوسرے شہروں سے تیزی سے ملک کے باقی حصوں تک پھیل گئے۔ ہجوم کے بڑھتے ہی سیکورٹی فورسز نے براہ راست فائرنگ اور گرفتاریاں شروع کر دیں۔ مہسا آمینی کے لیے انصاف اور لازمی حجاب کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والی کچھ خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے نقاب اتار کر جلا دیے یا سرعام اپنے بال کاٹ لیے۔
مظاہرین نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے خلاف بھی نعرہ بازی کی اور "آمریت مردہ باد!" کے نعرے بھی لگائے۔
گزشتہ دو تین برس میں ایران میں بڑے بڑے احتجاج دیکھنے میں آئے ہیں۔ اس سے پہلے کا احتجاج، 2019 میں، معاشی شکایات کی وجہ سے ہوا تھا۔ ایران کی معیشت امریکی پابندیوں کی زد میں آ چکی ہے اور ایرانی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔ تہران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے اور ان میں سے کچھ پابندیاں اٹھانے کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
دوسری طرف ان مظاہروں کے جواب میں حکومتی سرپرستی میں بھی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ حکومت کے حامی ان مظاہرین نے سکیورٹی فورسز کے خلاف مبینہ تشدد کے مرتکب افراد کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔صورت حال کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے ایران کی فوج، پاسداران انقلاب نے جمعہ کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ وہ "حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دشمنوں کی مختلف سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔"
کیا ایران میں خواتین کے لیے حجاب لازمی ہے؟
اسلامی جمہوریہ ایران خواتین کے لیے سر ڈھانپنا لازمی قرار دیتا ہے، یہ پابندی اس نے 1983 میں سرکاری طور پر قانون میں داخل کی تھی وہ بھی انقلاب کے صرف چار سال بعد جس نے ایران کے علما کو اقتدار میں لے لیا تھا۔ برسوں کے دوران، اقتدار جس کے ہاتھ میں رہا وہ ان اخلاقی یا مذہبی پالیسیوں کے مرضی سے نفاذ کی سطح کم یا زیادہ کرتا رہا۔
انتہائی اعتدال پسند صدر حسن روحانی کے تحت، جنہوں نے 2013 سے 2021 تک دو مرتبہ خدمات انجام دیں، سڑکوں پر اخلاقی نائب گشت کم تھے۔ لیکن اب جب کہ ان کے قدامت پسند جانشین ابراہیم رئیسی عہدے پر ہیں، اخلاقی پولیس کو نئے اختیارات دیے گئے ہیں۔
ایران میں اخلاقی پولیس، گشت ارشاد کیا ہے؟
ایران کی اخلاقی پولیس، گشت ارشاد سبز اور سفید وینوں میں سڑکوں پر چلتی ہے یا عوامی چوکوں میں پر کھڑی رہتی ہے اور لباس کوڈ کی خلاف ورزیوں اور دیگر اخلاقی جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرتی ہے۔
یہ پولیس یونٹ باضابطہ طور پر 2005 میں قائم کیا گیا تھایہ خواتین سمیت ہزاروں افسران کو ملازمت دیتا ہے، جن کو حکومت کے سخت اسلامی ضابطوں کی خلاف ورزی میں گرفتار یا جرمانہ کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔ ’اخلاقی پولیس‘ کے حراست میں خاتون کی ہلاکت کے بعد مظاہرے جان لیوا ہو گئے۔
ان مظاہروں پرعالمی برادری نے کیا ردعمل ظاہر کیا ہے؟
ایرانی وزیراعظم ابراہیم رئیسی نے امینی کے اہل خانہ کو فون کیا اور اس کی موت کی وجہ جاننے کا وعدہ کیا۔لیکن جب ایرانی صدر نے 21 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا، تو انہوں نے ان کا یا احتجاج کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ اس کے بجائے، اس نے انسانی حقوق کے بارے میں مغرب کو اس کے "دوہرے معیار" پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکہ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے تشدد کی مذمت کی ہے۔ جمعرات کو، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ انہوں نے ایران کی اخلاقی پولیس کو مہسا کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔