لال قلعہ
تم اسے جانتے ہو یہ کیا ہے
پیارے بچوں یہ لال قلعہ ہے
لال پتھر کے ہیں در و دیوار
اس میں کرتے تھے بادشاہ دربار
پہلے جیسی نہ اب حکومت ہے
پہلے جیسی نہ اب حفاظت ہے
ہاں مگر اس کے گیٹ کے باہر
کچھ سپاہی ہیں اب بھی پہرے پر
دیکھتے ہیں اسے ٹکٹ لے کر
اس کے اندر ہے اک عجائب گھر
جس میں سکے ہیں بادشاہوں کے
جس میں کپڑے ہیں بادشاہوں کے
جس میں رکھے ہیں انگنت ہتھیار
جیسے بندوق ڈھال اور تلوار
لال قلعہ جہاں میں ہے مشہور
جامع مسجد سے ہے یہ تھوڑی دور