بچپن

یہ بچے جن کو مائیں لوریاں دے کر سلاتی ہیں
بٹھا کر اپنے پنکھوں پر جنہیں پریاں اڑاتی ہیں
عجب ہوتی ہیں ان کی خواہشیں ہر شے کو پانے کی
کبھی کرتے ہیں یہ ضد چاند تارے توڑ لانے کی
انہیں موقع جو مل جائے شرارت خوب کرتے ہیں
محبت کرنے والوں سے محبت خوب کرتے ہیں
کچھ ان میں پڑھنے لکھنے کے بہت شوقین ہوتے ہیں
تو کچھ اسکول جاتے وقت اوں اوں کرکے روتے ہیں
یہ جلدی دوستی کرتے ہیں پل میں چھوڑ دیتے ہیں
یہ غصے میں خود اپنے ہی کھلونے توڑ دیتے ہیں
انوکھی ہر ادا ان کی نرالا طور ہوتا ہے
جسے کہتے ہیں ہم بچپن سنہرا دور ہوتا ہے