کسی کے صبح کی مسکان ہونا
کسی کے صبح کی مسکان ہونا
اندھیرے گھر میں روشندان ہونا
کہوں میں کیا تمہیں اس سے زیادہ
مرے بچو مری پہچان ہونا
سفر آسان میرا کر گیا ہے
تمہارا ساتھ اس دوران ہونا
حوادث بھی سکھا جاتے ہیں اکثر
برا ہوتا نہیں نقصان ہونا
بڑی مشکل سے ہاتھ آتا ہے یہ فن
کہاں آسان ہے آسان ہونا
ہماری آخری خواہش یہی ہے
تمہاری نظم کا عنوان ہونا