خوشبو پھول صبا اور شبنم دل کی دھڑکن تاج محل (ردیف .. م)

خوشبو پھول صبا اور شبنم دل کی دھڑکن تاج محل
اچھے اچھے پیارے پیارے لفظ یہ سارے آپ کے نام


آپ کی دل کش قربت پا کر جاگ اٹھی ان کی تقدیر
رنگ برنگے پھولوں کے یہ جھلمل گجرے آپ کے نام


گلشن جاں کی پتی پتی موج نسیم عطر فشاں
رنگ بہاراں پھول شگوفے سب گلدستے آپ کے نام


بام و در محرابیں کمرے آنگن اور دالان ہی کیا
قصر ادب کے سب دروازے سارے دریچے آپ کے نام


نظم و غزل کا جادو جن میں سب کے سر چڑھ کے بولے
شہر سخن میں ہونے والے وہ ہنگامے آپ کے نام


آپ کے نام کئے سیماؔ نے سارے خزانے خوشیوں کے
مہکی رت کے دنوں کے جلوے رات کے گہنے آپ کے نام