کھیل کا گیت
آؤ گھیرا ایک بنا لیں
اپنے اپنے ہاتھ ملا لیں
سینہ تان کھڑے ہو جائیں
اوپر کو گردن بھی اٹھائیں
ایڑی سے ایڑی کو ملا کر
پیر کے پنجوں کو پھیلا کر
اپنے اپنے پاؤں اٹھائیں
چلتے جائیں چکر کھائیں
پہلے پورا چکر کھا لیں
چکر کھا کر دل بہلا لیں
پھر ہم سب رک جائیں دم بھر
آگے کو بڑھ جائیں قدم بھر
آگے پیچھے جائیں آئیں
ہاتھ ہلائیں پاؤں ہلائیں
پھر بازو اپنے پھیلا دیں
کھینچیں پیچھے کو جھٹکا دیں
ہاتھوں کو اوپر لے جائیں
اوپر سے پھر نیچے لائیں
بیٹھ کے اٹھیں اٹھ کے بیٹھیں
سر اونچا ہو سامنے دیکھیں
جھک کر بیٹھیں اور ڈنڈ پیلیں
خود ہو کر یہ سختی جھیلیں
مل کر کھیلیں سارے لڑکے
کوئی نہ جائے یہاں سے لڑ کے
نیرؔ بھی جو کبھی آ جائے
دیکھ کے ہم کو راحت پائے