کشمیر
آماجگہ نور ہے کہسار ہمالہ
ہے غیرت صد طور یہ بھارت کا شوالہ
کہسار نہیں تاج وطن امن کا ہالہ
صہبائے محبت کا چھلکتا ہوا پیالہ
کشمیر ہمالہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے
اس وادی کا ہر پھول مہکتا ہوا دل ہے
اس وادی کی تاریخ اخوت کا فسانہ
اس وادی کا ہر نغمہ محبت کا ترانہ
اس وادی کا ہر ذرہ معانی کا خزانہ
اس وادی کی تہذیب نے دیکھا ہے زمانہ
یہ وادئ گل آج بھی گلزار ارم ہے
اس وادی کا ہر پھول بہاروں کا صنم ہے