کیسا چکر کاٹ کے آنا پڑتا ہے

کیسا چکر کاٹ کے آنا پڑتا ہے
تیرے میرے بیچ زمانہ پڑتا ہے


پھر اشکوں کی قسمت جاگے یا سوئے
پہلے تو آنکھوں میں آنا پڑتا ہے


میری مانو مت اس درجہ خواب بنو
خوابوں کا محصول چکانا پڑتا ہے


خاموشی تو مر جانے کا حاصل ہے
زندہ رہنے شور مچانا پڑتا ہے


تم بیراگی تم کیا جانو مومنؔ جی
الفت میں کیا کر جانا پڑتا ہے