جو بظاہر اداس ہوتے ہیں
جو بظاہر اداس ہوتے ہیں
لوگ وہ خود شناس ہوتے ہیں
ان کے اندر کا میل مت پوچھو
لوگ جو خوش لباس ہوتے ہیں
اپنی قسمت سے بھی نہیں واقف
جو ستارہ شناس ہوتے ہیں
بول دوں آپ کیا ہیں میرے لیے
آپ جینے کی آس ہوتے ہیں
پیار والوں کی بات مت پوچھو
دور رہ کر بھی پاس ہوتے ہیں
کیا عجب لوگ ہیں یہ اہل سخن
عام ہو کر بھی خاص ہوتے ہیں