جھنڈا اونچا رہے ہمارا

سب سے اچھا سب سے نیارا
رنگ ترنگا پیارا پیارا
قوم کی امیدوں کا سہارا
دیس دلارا جگ اجیارا
دل کی ٹھنڈک آنکھ کا تارا
جھنڈا اونچا رہے ہمارا
دیس دسا دکھلانے والا
ہوش میں ہم کو لانے والا
جوش سے دل گرمانے والا
خدمت پر اکسانے والا
قوم کی نیا کھیون ہارا
جھنڈا اونچا رہے ہمارا
آزادی کے پروانوں کو
اس دیوی کے دیوانوں کو
ہندوؤں اور مسلمانوں کو
ہند کے سارے انسانوں کو
ہے یہ اپنی جان سے پیارا
جھنڈا اونچا رہے ہمارا
جب جھنڈا لہرائے گا یہ
من کی جوت جگائے گا یہ
اپنائیت پھیلائے گا یہ
پریت کی ریت سکھائے گا یہ
پریم کا ساگر پریم کی دھارا
جھنڈا اونچا رہے ہمارا