جاگتی آنکھوں میں آنا چھوڑ دو

جاگتی آنکھوں میں آنا چھوڑ دو
جاگنا خود اور جگانا چھوڑ دو


اس کی یادیں اس کی باتیں اس کا پیار
آپ یہ قصہ پرانا چھوڑ دو


پورے من سے میں سمرپت ہوں تمہیں
تم مری قیمت لگانا چھوڑ دو


جب تمہارے دل میں نفرت ہے تو پھر
اس طرح ملنا ملانا چھوڑ دو


لوگ کمزوری بنا لیں گے اسے
اس طرح آنسو بہانا چھوڑ دو


کھل کے گاؤ درد کے نغمات کو
دھیرے دھیرے گنگنانا چھوڑ دو


اس گلی میں ڈھیروں ہیں بد نامیاں
اس گلی میں آنا جانا چھوڑ دو


میں یہ دنیا چھوڑ دوں کیا انجناؔ
بول اٹھا دل دیوانہ چھوڑ دو