اس طرح سے نہ رولیے آنسو
اس طرح سے نہ رولیے آنسو
قہقہوں میں بھی گھولیے آنسو
ہم نے دل کی زمیں کے بدلے میں
اپنی آنکھوں میں بو لئے آنسو
دے کے پھر کوئی غم جگا دیجے
سو لئے خوب سو لئے آنسو
میری آنکھوں میں ڈھونڈیئے نہ انہیں
اپنے دل میں ٹٹولئے آنسو
جب خیال آیا کوئی دیکھ نہ لے
آستیں میں سمو لئے آنسو
تنہا دیکھا جو راہ الفت میں
میرے ہم راہ ہو لئے آنسو
ہو گئے اور محترم اے کلیمؔ
آب زم زم سے دھو لئے آنسو