حسن لاچار کی باتیں کریں کیا

حسن لاچار کی باتیں کریں کیا
عشق بیمار کی باتیں کریں کیا


سوگواری چمن دل پر ہے
برگ رخسار کی باتیں کریں کیا


نار دوزخ سے ڈرانے والو
ہم کسی نار کی باتیں کریں کیا


کیسے حالات سے سمجھوتہ کیا
اب یہ بیکار کی باتیں کریں کیا


سب مکینوں سے تعارف تو ہوا
در و دیوار کی باتیں کریں کیا


وجہ گفتار جو موجود نہیں
لطف تکرار کی باتیں کریں کیا


گھر کی تہذیب ہے ملحوظ نظر
گھر میں بازار کی باتیں کریں کیا


رات بھیگی ہے شفقؔ آؤ اب
خواب بیدار کی باتیں کریں کیا