ہولی
گلی گلی بازار میں ہو گئی رنگوں کی بوچھار
آنچل بھیگے تن من بھیگا گال ہوئے گلنار
کتنی امنگیں لے کر آیا ہولی کا تیوہار
آیا ہولی کا تیوہار لے کے رنگوں کی بہار
منظر ہوئے رنگیلے
رنگوں سے غبارے بھر کر بچے چڑھے اٹاری
سبزہ سبزہ رنگ میں ڈوبا بھیگی ڈاری ڈاری
کوئی نہ بچنے پایا ان سے پنڈت ہو کہ پجاری
آیا ہولی کا تیوہار لے کے رنگوں کی بہار
منظر ہوئے رنگیلے
ڈھول بجائیں گائیں نوکر ہوں کہ وہ بیوپاری
ڈھولک کی ہر تھاپ پہ ناچیں ہولی میں نر ناری
کھیلیں کودیں دھوم مچائیں اور ماری پچکاری
آیا ہولی کا تیوہار لے کے رنگوں کی بہار
منظر ہوئے رنگیلے
ہندو مسلم سکھ عیسائی مل کر کھیلیں ہولی
آج کے دن سب بھید مٹا کر بولیں میٹھی بولی
سب نے ہولی کے رنگوں سے دل کی کالک دھولی
آیا ہولی کا تیوہار لے کے رنگوں کی بہار
منظر ہوئے رنگیلے