چھبیس جنوری
ہر سال جگمگاتی ہے چھبیس جنوری
ہر سمت مسکراتی ہے چھبیس جنوری
سب کے دلوں کو بھاتی ہے چھبیس جنوری
شان وطن دکھاتی ہے چھبیس جنوری
جنتا کا دل بڑھاتی ہے چھبیس جنوری
ہیں بام و در پہ آج ترنگے لگے ہوئے
پھولوں سے چار سمت ہیں رستے سجے ہوئے
ہر سو عمارتوں پہ ہیں دیپک جلے ہوئے
شان وطن دکھاتی ہے چھبیس جنوری
جنتا کا دل بڑھاتی ہے چھبیس جنوری
آئین اپنا آج کے دن ہی شروع ہوا
جنتا کو ووٹ دینے کا حق آج ہی ملا
جمہوریت کے نام کا ڈنکا ہی بج گیا
شان وطن دکھاتی ہے چھبیس جنوری
جنتا کا دل بڑھاتی ہے چھبیس جنوری
فوجی قطار باندھ کے آتے ہیں راہ میں
سامان جنگ ساتھ ہی لاتے ہیں راہ میں
کرتب بہادری کے دکھاتے ہیں راہ میں
شان وطن دکھاتی ہے چھبیس جنوری
جنتا کا دل بڑھاتی ہے چھبیس جنوری
دلی میں سارے ہند سے آتی ہیں جھانکیاں
منظر ریاستوں کے دکھاتی ہیں جھانکیاں
آپس میں اتحاد بڑھاتی ہیں جھانکیاں
شان وطن دکھاتی ہے چھبیس جنوری
جنتا کا دل بڑھاتی ہے چھبیس جنوری