جواہر لال نہرو

نہرو تجھ پر ناز کرے گا صدیوں ہندوستان
شاید پیدا ہو نہ سکے گا پھر ایسا انسان
ملا ہے تیرے روپ میں ہم کو ایک بڑا وردان
بھائی چارہ میل محبت ہے تیری پہچان
اسی لیے تو کرتی ہے دنیا تیرا سمان
عیش و عشرت کی دنیا کو تو نے یکسر چھوڑا
جنگ آزادی میں طوفانوں کا منہ بھی موڑا
عزم و ہمت سے دشمن کی تلواروں کو توڑا
بھائی چارہ میل محبت ہے تیری پہچان
اسی لیے تو کرتی ہے دنیا تیرا سمان
جادو سا کر دیتی تھیں دل پر تیری تقریریں
فکر و عمل کی دعوت دیتی ہیں تیری تحریریں
سجی ہوئی ہیں گوشۂ دل میں تیری ہی تصویریں
بھائی چارہ میل محبت ہے تیری پہچان
اسی لیے تو کرتی ہے دنیا تیرا سمان
دیس میں آزادی کا پرچم جب تو نے لہرایا
سوکھے کھیتوں کو کتنی تدبیروں سے لہکایا
کتنی محنت اور لگن سے گلشن کو مہکایا
بھائی چارہ میل محبت ہے تیری پہچان
اسی لیے تو کرتی ہے دنیا تیرا سمان
بچہ بچہ بھارت کا تیرے ہی گن گاتا ہے
گلشن کے پھولوں میں تیری ہی خوشبو پاتا ہے
تیری ہی راہوں پر چلنا ہر دل کو بھاتا ہے
بھائی چارہ میل محبت ہے تیری پہچان
اسی لیے تو کرتی ہے دنیا تیرا سمان