حقارت سے نہ دیکھو دل کو جام جم بھی کہتے ہیں

حقارت سے نہ دیکھو دل کو جام جم بھی کہتے ہیں
اسی خاک تپاں کو فاتح عالم بھی کہتے ہیں


یہ دل کی داستان مضطرب ہے جس کو دنیا میں
کہیں آنسو کہیں موتی کہیں شبنم بھی کہتے ہیں


کبھی کے اک تبسم کو سجا رکھا ہے ہونٹوں پر
بہت سے تو اسے پروردۂ ماتم بھی کہتے ہیں


مسرت کے پجاری تجھ کو یہ عشرت مبارک ہو
یہ دنیا ہے مسرت کو یہاں پر غم بھی کہتے ہیں


زمانہ کہہ رہا ہے تم نے گلشن ہی مٹا ڈالا
مروت بر طرف لو آج ایسا ہم بھی کہتے ہیں