ہوا میں تیر چلانے سے فائدہ کیا ہے

ہوا میں تیر چلانے سے فائدہ کیا ہے
بنا شکار نشانے سے فائدہ کیا ہے


کسی سخی کا یہاں کوئی در نہیں کھلتا
یہاں صدائیں لگانے سے فائدہ کیا ہے


تمہارے زخم ہیں مرہم تمہیں تلاش کرو
کسی کو زخم دکھانے سے فائدہ کیا ہے


یہ سوچتا ہوں زمانے سے کیا ملا مجھ کو
یہ سوچتا ہوں زمانے سے فائدہ کیا ہے


جہاں عوام کی ظلمت پسند فطرت ہو
وہاں چراغ جلانے سے فائدہ کیا ہے


ہمارے صحن کی دیوار گرنے والی ہے
مزید اور اٹھانے سے فائدہ کیا ہے


خود اپنی ذات کو شہزرؔ جو بال بال رکھے
اس آئینے کو سجانے سے فائدہ کیا ہے