ہماری زبان
اردو کہو یا ہندوستانی
اس کی بڑائی دنیا نے مانی
آپس کی ملت مقصود اس کا
الفت کی خوگر وحدت کی بانی
گزرے ہوؤں کے دل کی دلاری
بیتے دنوں کی دل کش کہانی
ہے اتحاد قومی کا نغمہ
آغاز اس کا اس کی جوانی
اہل وطن تھے آپس میں یک دل
اس بات کی ہے اردو نشانی
ہونے کو ہیں گو صدہا زبانیں
پر اس کے آگے بھرتی ہیں پانی
اتر سے دکشن پورب سے پچھم
ہر سمت اس کی ہے حکمرانی
ہندو بھی شیدا مسلم بھی شیدا
ہے ساری خلقت اس پر دوانی
ہوں کیوں نہ اس کے سب لوگ حامی
ہے یہ سراسر ہندوستانی
ملتی ہے کھل کر ہر اک زباں سے
اس بات میں ہے کون اس کا ثانی
طرز نگارش گر دیکھ پائیں
رہ جائیں حیراں بہزاد و مانی
اس کی فصاحت اس کی بلاغت
اس کی سلاست اس کی روانی
رنگین قصے ناول انوکھے
دلچسپ نظمیں شیری زبانی
جادو نگاری شیوا بیانی
صنعت طرازی گوہر فشانی
ہر بول اس کا مصری سا میٹھا
ہر بات دل کش ہر لے سہانی
میری دعا ہے یہ مدعا ہے
اس پر خدا کی ہو مہربانی
نیرؔ جہاں میں پھولے پھلے یہ
جب تک ہے باقی دنیائے فانی