ہم ہند کے شیدائی

اس دیس کی وادی میں ہر پھول مہکتا ہے
ہر قوم کے رہبر کا کردار لہکتا ہے
اپنا ہو کہ بیگانہ بلبل سا چہکتا ہے
ہر مذہب و ملت نے بھارت میں اماں پائی
ہم ہند کے رکھوالے ہم ہند کے شیدائی
اک امن و محبت کی تفسیر ہے یہ گلشن
ایثار و اخوت کی تصویر ہے یہ گلشن
تعمیر و ترقی کی تنویر ہے یہ گلشن
ہر گوشۂ بھارت ہے خود اپنا تماشائی
ہم ہند کے رکھوالے ہم ہند کے شیدائی
ہر فرد کو جینے کا انداز سکھا دیں گے
کیا شے ہے رواداری دنیا کو دکھا دیں گے
ہر نسل کے انساں کو ہم ایک بنا دیں گے
سورج کی کرن اب تو بادل سے نکل آئی
ہم ہند کے رکھوالے ہم ہند کے شیدائی