فوارہ

آؤ چلیں فوارہ دیکھیں
پانی کا نظارہ دیکھیں
دیکھ کر منظر پیارا پیارا
جی خوش ہو جائے ہمارا
فوارہ ہے حوض کے اندر
جیسے ہو تالاب میں مندر
حوض کے چاروں جانب گملے
خوب ہیں قرینے سے رکھے
گملوں میں پودوں کے پتے
آنکھوں کو ہیں طراوت دیتے
فوارے کا ابلنا دیکھو
پھر پانی کا اچھلنا دیکھو
یوں اڑتے ہیں پانی کے قطرے
جیسے کوئی مہتابی چھوٹے
پودوں پہ قطروں کا بکھرنا
پتوں کا دھل دھل کے نکھرنا
کام یہ کب ہو اور کسی سے
باغ نے رونق پائی اسی سے
نیرؔ دیکھنے آؤ تم بھی
آؤ دل بہلاؤ تم بھی