دنیا میں کہیں گرمی اور کہیں سردی کیوں ہوتی ہے؟
کسی موسم کا دارومدار اس بات پر ہے کہ وہ کس خطے میں واقع ہے۔ جو ملک خطِ استوا کے جتنا قریب ہوگا وہاں کا موسم اتنا ہی زیادہ گرم ہوگا۔ لیکن یہ موسم بدلتا کیسے ہے؟ اور کہاں گرمی زیادہ اور کہاں سردی زیادہ ہوتی ہے؟
موسم کیسے بدلتا رہتا ہے؟
کسی خطے کی آب وہوا دراصل اس کی موسمی حالت ہوتی ہے جو طویل عرصہ تک جاری رہتی ہے۔ کسی علاقے کے موسم کا دارومدار اس بات پر ہے کہ سورج سے کتنی حرارت ، روشنی اور توانائی حاصل کرتا ہے۔ یہ ایک طے شدہ حقیقت ہے کہ جو علاقہ خط استوا سے جتنا دور اور بلندی پر ہوگا وہاں سورج کی تپش کم ہوچکی وگی اور سردی زیادہ ہوگی۔
موسم پر کون سے عوامل اثرانداز ہوتے ہیں؟
بلندی، سمندری لہریں، ہوائیں، دباؤ، بارش، نمی اور جغرافیائی حالات بھی موسم پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ جانوروں اور پودوں کی نشوونما نیز انسانی غذا، لباس، طرزِ رہائش، رسم و رواج اور ثقافت کا انحصار بھی موسم پر ہوتا ہے۔ ہر موسمی خطے میں رہنے والے لوگ اسی کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔
موسمی اعتبار پر دنیا کو کتنے خطوں میں تقسیم کیا جاتا ہے؟
موسم کے لحاظ سے دنیا کو چھے خطوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جن کی تفصیل ذیل کے نقشے میں دی گئی ہے۔ ہر خطے میں رہنے والے لوگوں کا طرزِ زندگی بھی مختلف ہوتا ہے۔
استوائی خطہ (Tropical)
خطِ استوا کے قریبی علاقے پورا سال گرمی کی زد میں رہتے ہیں۔ وہ جگہیں جہاں بارشیں بکثرت ہوتی ہیں وہاں گھنے جنگلات پائے جاتے ہیں۔ جہاں کا موسم خشک ہو اور کبھی بارشیں بھی ہوتی ہوں وہاں گھاس بہت لمبی ہوتی ہے۔
معتدل خطہ (Temperate )
اس خطے میں چار واضح موسم ہوتے ہیں جو بدلتے رہتے ہیں۔ ہوا خوشگوار ہونے کی وجہ سے لوگ ان علاقوں میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ اس علاقے کی آب و ہوا کاشت کاری کے بہترین ہوتی ہے۔
خُشک خطہ ( Dry)
اس موسمی خطے میں عام طور پر سال بھر بارش نہیں ہوتی۔ خشک خطے میں زیادہ تر ریگستان اور چٹیل میدان پائے جاتے ہیں۔ سبزہ زیادہ نہیں ہوتا ہے۔ البتہ کسی کسی علاقے میں گھاس پائی جاتی ہے۔
سرد خطہ (Cold)
اس خطے میں گرمیوں کو موسم مختصر اور سردیوں کا موسم طویل ہوتا ہے۔ یہاں سردی بھی شدید ہوتی ہے۔
قطبی خطہ (Polar)
قطب شمالی اور قطب جنوبی کے علاقوں میں اس قدر شدید سردی ہوتی ہے کہ وہاں سال بھر برف جمی رہتی ہے۔
کوہستانی خطہ (Mountain)
اس خطے میں ایسے علاقے شامل ہیں جہاں نہ صرف سردی زیادہ ہوتی ہے بلکہ تیز ہوائیں بھی چلتی رہتی ہیں۔ آپ جتنا زیادہ بُلندی کی طرف جائیں گے سردی میں اضافہ ہوتا جائے گا۔