دل میرا فقط تیرے نشانے کے لئے ہے

دل میرا فقط تیرے نشانے کے لئے ہے
اور اس کے سوا جو ہے زمانے کے لئے ہے


ہنسنے کے لئے ہے نہ ہنسانے کے لئے ہے
یہ انجمن ناز جلانے کے لئے ہے


ہر شخص کی آنکھوں میں مسائل کے ہیں آنسو
ہونٹوں پہ ہنسی صرف دکھانے کے لئے ہے


اس کا کبھی مثبت کوئی پہلو نہیں نکلا
جو تم سے تعلق ہے نبھانے کے لئے ہے


جذبات کے شعلوں سے نہ کھا خوف کہ آخر
یہ آگ بھی تو آگ بجھانے کے لئے ہے


اے شانؔ مجھے خود نہیں معلوم کہ آخر
میری یہ تگ و دو کسے پانے کے لئے ہے