بہار آنے سے پہلے شجر میں پھول کھلے

بہار آنے سے پہلے شجر میں پھول کھلے
مثال خار خزاں کی نظر میں پھول کھلے


اب ان کا حسن کوئی کیسے دیکھنے آئے
اگے ہیں راہ میں کانٹے جو گھر میں پھول کھلے


نظارہ دیکھنے آ پہنچے لوگ ساحل پر
کسی نے کہہ دیا ان سے بھنور میں پھول کھلے


کس اہتمام سے منزل پہ مجھ کو پہنچایا
حضر میں خار اگے اور سفر میں پھول کھلے


کھلی ہے دیر سے اے شانؔ آنکھ کیا میری
یقین ہی نہیں آتا سحر میں پھول کھلے