دیس پریمی کی دعا
سب سے پیارا دیس ہمارا
سب سے نیارا دیس ہمارا
آنکھ کا تارا دیس ہمارا
دل کا سہارا دیس ہمارا
آؤ مانگیں مل کے دعائیں
دیس کے اچھے دن آ جائیں
مقصد ہو یہ آج ہمارا
دیس میں ہو اب راج ہمارا
حکم ہمارا باج ہمارا
دیس بنے سرتاج ہمارا
دیس رہے آباد ہمیشہ
دیس رہے آزاد ہمیشہ
ہندو مسلم سکھ عیسائی
ہو جائیں سب بھائی بھائی
دیس کے ہوں دل سے شیدائی
سب ہی چاہیں سب کی بھلائی
یا رب یہ مسرور رہیں سب
فکر سے غم سے دور رہیں سب
آپس کے سب جھگڑے بھولیں
جگ میں خوب پھلیں اور پھولیں
خوشیوں کے جھولوں میں جھولیں
ایسے اڑیں آکاش کو چھو لیں
سب سے اونچا چڑھ کے دکھائیں
سب سے آگے بڑھ کے دکھائیں
مل کر یہ اقرار کریں سب
دل سے وطن کو پیار کریں سب
سوتوں کو بیدار کریں سب
قوم کا بیڑا پار کریں سب
جب تک جان رہے اس تن میں
دیس پریم بسا ہو من میں
بات یہ میری داتا رکھنا
دیس کی میرے شوبھا رکھنا
بول کو اس کے بالا رکھنا
اونچا اس کا جھنڈا رکھنا
نیرؔ شہرا عام ہو اس کا
دنیا بھر میں نام ہو اس کا