چہرہ تمام زندگی تصویر ایک پل

چہرہ تمام زندگی تصویر ایک پل
اتنے طویل خواب کی تعبیر ایک پل


وہ سانس میرے جسم سے ہو کر گزر گئی
ٹھہرا نہیں ہدف پہ ترا تیر ایک پل


اک سانحہ کہ روشنی کرتا ہے چار سمت
اک لو کہ چھوڑتی نہیں تاثیر ایک پل


جیسے کسی تنے سے جڑا ہو تمام پیڑ
میرے ازل ابد سے بغل گیر ایک پل


سب کچھ نئے سرے سے بنانا پڑا مجھے
روکی تھی درمیان میں تعمیر ایک پل