چاند کا بچہ
وہ دیکھو وہ نکلا چاند
اماں تم نے دیکھا چاند
یہ بھی کیا بچہ ہے اماں
چھوٹا سا منا سا چاند
اتنا دبلا اتنا پتلا
کب ہوتا ہے ایسا چاند
اماں اس دن جو نکلا تھا
وہ تھا گول بڑا سا چاند
بادل سے ہنس ہنس کر اس دن
کیسا کھیل رہا تھا چاند
چھپ جاتا تھا نکل آتا تھا
کرتا تھا یہ تماشا چاند
اپنے بچے کو بھیجا ہے
گھر میں بیٹھا ہوگا چاند
یہ بھی اک دن بن جائے گا
اچھا گول بڑا سا چاند
اچھا اماں کل کیوں تم نے
مجھ کو کہا تھا میرا چاند