دنیا میں جنت

باغوں نے پہنا
پھولوں کا گہنا
نہروں کا بہنا
وارفتہ رہنا
دنیا میں جنت میرا وطن ہے
بھوری گھٹائیں
لائیں ہوائیں
باغوں میں جائیں
کلیاں کھلائیں
دنیا میں جنت میرا وطن ہے
اک جھونپڑی ہے
سب کچھ یہی ہے
کیا سادگی ہے
کیا زندگی ہے
دنیا میں جنت میرا وطن ہے
کرشنؔ کنہیا
رادھا کا رسیا
بچوں کے افسرؔ
تھا اس زمیں کا
روشن ستارا
دنیا میں جنت میرا وطن ہے
وہ ترک آئے
بھارت پہ چھائے
جھنڈے اڑائے
قرآن لائے
دنیا میں جنت میرا وطن ہے
چشتی نے بخشا
دل کو سہارا
ہمدرد ایسا
کس کو ملا تھا
دنیا میں جنت میرا وطن ہے
گوتم کا گھر ہے
جنت کا در ہے
افسرؔ کدھر ہے
کیا بے خبر ہے
دنیا میں جنت میرا وطن ہے