نندیا پور
دور بہت ہی دور یہاں سے
اور اس سے بھی دور
ندی اک نکلی ہے جہاں سے
اور اس سے بھی دور
دلدل ہے گہری سی جہاں پر
دلدل سے بھی دور
جنگل میں ہے بڑھیا کا گھر
جنگل سے بھی دور
یاد ہے اس کو ایک کہانی
ہے اس میں اک حور
خود یہ ہے اک ملک کی رانی
ملک ہے نندیا پور
اس جنگل کو دیکھوں گا میں
جنگل سے بھی دور
حور کے ملک میں جاؤں گا میں
یعنی نندیا پور