چاچا نہرو کا پیغام
ساری دنیا میں لا جواب بنو
انتخابوں کا انتخاب بنو
امن و انسانیت کی آب بنو
اے گلستان ہند کے بچو
مسکراتے ہوئے گلاب بنو
تم ہو ہندوستاں کے مستقبل
تم سے روشن ہو جادۂ منزل
آرزوؤں کے ماہتاب بنو
اے گلستان ہند کے بچو
مسکراتے ہوئے گلاب بنو
کامیابی کی شاہراہوں میں
مادر ہند کی نگاہوں میں
جگمگاتے حسین خواب بنو
اے گلستان ہند کے بچو
مسکراتے ہوئے گلاب بنو
دور دنیا سے تیرگی کر دو
سارے عالم میں روشنی کر دو
علم و حکمت کے آفتاب بنو
اے گلستان ہند کے بچو
مسکراتے ہوئے گلاب بنو
تم سے دنیا میں شانتی پھیلے
مردہ قوموں میں زندگی پھیلے
اپنے مقصد میں کامیاب بنو
اے گلستان ہند کے بچو
مسکراتے ہوئے گلاب بنو