بن بن کے بگڑتی ہے مری بات تو دیکھو

بن بن کے بگڑتی ہے مری بات تو دیکھو
اس کوچۂ دل میں مری اوقات تو دیکھو


جو جسم تمنا میں سلگتا ہے تمہاری
اس جسم میں حسرت بھری اک رات تو دیکھو


جس آنکھ نے دیکھے تھے کبھی خواب تمہارے
اس آنکھ سے ہوتی ہوئی برسات تو دیکھو


اے وقت شناسو یہ کڑا وقت ہے کیسا
اے دست شناسو مرا تم ہات تو دیکھو


جس آنکھ میں ہے خون تمنا مرا افروزؔ
اس آنکھ میں سرمے کی کرامات تو دیکھو