بہادر شاہ ظفرؔ کی یاد میں

صبا یہ روح ظفرؔ کا پیام لائی ہے
کہ سلطنت سے فزوں عشق کی گدائی ہے
غرور فتح کو بھی لڑکھڑا دیا جس نے
ترے خلوص نے ایسی شکست کھائی ہے
کسے خبر ہے کہ ارض وطن پہ کیا گزری
کہ تجھ کو گوشۂ غربت میں موت آئی ہے
مرے چمن میں عروس بہار آزادی
ترے مزار پہ آنسو بہا کے آئی ہے