بڑا آدمی
جس کو دنیا میں سب لوگ اچھا کہیں
جس کو ایمان دار اور سچا کہیں
جس کو نفرت ہو ہر اک برے کام سے
جس کو رغبت ہو تعلیم کے نام سے
جو سہارا ہو کمزور و مجبور کا
جس کے سینے میں ہو درد مزدور کا
جو پڑوسی کا ہمدرد و غم خوار ہو
ظلم کے حق میں جو تیز تلوار ہو
جو مصیبت سہے دوسرے کے لیے
اور حق بات بے خوف ہو کر کہے
جو برائی کے بدلے بھلائی کرے
بھولے بھٹکوں کی جو رہنمائی کرے
جس پہ اپنے پرائے بھروسا کریں
جس کے اخلاق کا لوگ چرچا کریں
جو کسی سے اگر کوئی وعدہ کرے
وقت پر اپنے وعدے کو پورا کرے
گلشن امن سے جس کی ہے دوستی
در حقیقت وہی ہے بڑا آدمی