آسماں ہو کے بھی زمیں ہونا

آسماں ہو کے بھی زمیں ہونا
اک یہی ہے ترے قریں ہونا


ساری دنیا پہ حرف آئے گا
اس قدر بھی نہ تم حسیں ہونا


واقعہ کچھ عجیب لگتا ہے
تیرا آنا مرا کہیں ہونا


اچھے وقتوں کی اک نشانی ہے
دوستوں کا بہت نہیں ہونا


خوش دنوں میں تمہیں عمر فرحتؔ
دیکھا جاتا نہیں حزیں ہونا