آنے والے لمحوں کی روشنی کو لکھنا ہے

آنے والے لمحوں کی روشنی کو لکھنا ہے
ایک نئی عبارت میں زندگی کو لکھنا ہے


بولنے لگیں اپنے گھر کے سب در و دیوار
جو سنائی دے ایسی خامشی کو لکھنا ہے


ایک حسین بچے کی کیا حسین خواہش ہے
چاند کی طرف سے خط چاندنی کو لکھنا ہے


ایک دو کی کوشش سے وقت کیسے بدلے گا
اپنے وقت کی قسمت ہم سبھی کو لکھنا ہے


اپنی شخصیت آخر کیوں اثر نہیں رکھتی
آج اپنے اندر کی اس کمی کو لکھنا ہے


لفظ لفظ ہو جس کا پھول کی طرح ساجدؔ
ایسی خوشبوؤں والی شاعری کو لکھنا ہے