آ گیا پھر بہار کا موسم

آ گیا پھر بہار کا موسم
آپ کے انتظار کا موسم


کوئی دھڑکن جدا نہیں ہوگی
دل پہ ہے اختیار کا موسم


تیرا چہرہ شباب پھولوں کا
تیری آنکھیں خمار کا موسم


آؤ جی بھر کے دوستی کر لیں
صرف اک دن ہے پیار کا موسم


آپ آئے تو آ گیا شارقؔ
رفتہ رفتہ قرار کا موسم