زخمی دن اور رات رہیں گے کتنے دن

زخمی دن اور رات رہیں گے کتنے دن
دہشت میں لمحات رہیں گے کتنے دن


ہر پت جھڑ کے بعد ہے موسم پھولوں کا
خالی اپنے ہاتھ رہیں گے کتنے دن


کتنی سانسیں کس کے پاس ہیں کیا معلوم
ہم تم دونوں ساتھ رہیں گے کتنے دن


پڑھنے والے چہرہ بھی پڑھ لیتے ہیں
پوشیدہ حالات رہیں گے کتنے دن


کتنے دن تک وہ دن اپنے ساتھ رہے
یہ دن اپنے ساتھ رہیں گے کتنے دن