یہ انکشاف چمن میں ہوا بہار کے بعد
یہ انکشاف چمن میں ہوا بہار کے بعد
اک اور دور بھی ہے دور خوش گوار کے بعد
رہا تو ہوں میں نشیمن میں مدتوں لیکن
کبھی بہار سے پہلے کبھی بہار کے بعد
دل حزیں کو شب غم بہت فریب دیے
نہ آئی نیند مگر تیرے انتظار کے بعد
جمال غنچہ و گل پر نگاہ کون کرے
جمال غنچہ و گل ہے جمال یار کے بعد
بہار میں جو مجھے رند کہہ رہے ہیں عزیزؔ
وہ پارسا بھی کہیں گے مجھے بہار کے بعد