وقت کے رنگ میں ہر بار سنیں غور کریں

وقت کے رنگ میں ہر بار سنیں غور کریں
ایک اک لمحے کی رفتار سنیں غور کریں


میرے ہم راز نے دنیا کا چلن سیکھ لیا
اب کئی ہوں گے گرفتار سنیں غور کریں


قصر تہذیب کا معمار سرکتا ہے تبھی
چیخنے لگتی ہے دیوار سنیں غور کریں


میری جو بات زمانے کو بری لگنے لگی
ہاں وہی صاحب کردار سنیں غور کریں


بے حسی وقت کے آنگن میں ثمر بار ہوئی
بے بھرم ہو گئی دستار سنیں غور کریں


عالمؔ شوق میں شامل ہے زمانے کی رمق
صاحب ذوق سمجھ دار سنیں غور کریں