اٹھا کے غم ترا اے زندگی نہ روئیں گے

اٹھا کے غم ترا اے زندگی نہ روئیں گے
ہمارا وعدہ رہا اب کبھی نہ روئیں گے


ہم اپنے سینے پہ رکھ لیں گے ضبط کا پتھر
اگر ہے اس میں تمہاری خوشی نہ روئیں گے


ہمارے غم نے تمہیں پھر سے کر دیا ہے اداس
تمہارے سامنے اب ہم کبھی نہ روئیں گے


ہم اپنی شدت احساس کو چھپا لیں گے
سنا کے اپنی کبھی بے بسی نہ روئیں گے


غموں کا بوجھ اٹھا لیں گے ہم اکیلے ہی
یقین کیجئے ہم واقعی نہ روئیں گے