اسے پہلے پہل اچھا لگے گا

اسے پہلے پہل اچھا لگے گا
نیا رستہ نیا رستہ لگے گا


تعلق توڑنا مشکل نہیں ہے
یہی کہ دوسرا جھٹکا لگے گا


مرا احسان ہے تجھ پر محبت
اگر ایسا کہوں کیسا لگے گا


تمہارے نام کا چلتا ہے سکہ
کہو کچھ بھی کہو اچھا لگے گا


مرے وہم و گماں میں بھی نہیں تھا
یہ صدمہ اس قدر گہرا لگے گا


یہی سب جان کر چھوڑا تھا اس کو
وہ اپنا ہے تو پھر اپنا لگے گا