اردو ہندی

ہندوستاں ہمارا
سندر ہے اور پیارا
دھرتی ہے یہ ہماری
یہ سورگ ہے ہمارا


جس طرح گنگا جمنا
دو ندیاں ہیں پیاری
ایسی ہی گنگا جمنی
تہذیب ہے ہماری


جس طرح ہندو مسلم
رونق ہیں اس چمن کی
ایسے ہی ہندی اردو
دو بہنیں ہیں وطن کی


اک ماں کی کوکھ سے ہی
پیدا ہوئی ہیں دونوں
تہذیب گنگا جمنی
لے کر بڑھی ہیں دونوں


سیکھی ہیں بولنا یہ
خسرو کے آستاں میں
پھیلی ہیں خوشبو بن کر
اب سارے گلستاں میں


ہندوستاں سے چل کر
پھیلیں جہاں میں دونوں
سب دیس واسیوں کی
پیاری زباں ہیں دونوں


اردو ہو چاہے ہندی
دونوں کو خوب پڑھنا
کر کے پڑھائی اونچی
جیون میں آگے بڑھنا


دونوں ہیں میٹھی میٹھی
دونوں سے پیار کرنا
منہ سے لگا کے رکھنا
دل سے دلار کرنا


ہندی زبان کی جے
اردو زبان کی جے
ہندوستان کی جے
سارے جہان کی جے