اجڑا اجڑا شہر تمنا کیسے اسے آباد کریں

اجڑا اجڑا شہر تمنا کیسے اسے آباد کریں
تم ہی قاتل تم ہی عادل ہم کس سے فریاد کریں


امن و اخوت اپنا مسلک مہر و وفا ہے اپنا دین
اپنا تو یہ کام نہیں ہے ظلم و استبداد کریں


خوش فہمی کی پتواروں سے کشتی کھینا کیا معنی
کچھ سوچیں کچھ راہ نکالیں وقت نہ یوں برباد کریں


اہل جنوں نے جس بستی کو تاراج و پامال کیا
اہل محبت آؤ مل کر پھر اس کو آباد کریں


جھوٹے ہیں سب رشتے ناطے کوئی کسی کا میت نہیں
کس کس کا ارمان کریں ہم کس کس کو ہم یاد کریں