تیرے بارے میں سوچتا ہوں میں
تیرے بارے میں سوچتا ہوں میں
بعض اوقات جب اکیلے میں
اور کوئی نہ پاس بیٹھا ہو
تیرے بارے میں سوچتا ہوں میں
اور کئی بار اور لوگوں کی
بھیڑ کے باوجود جان وفا
مجھ کو تیرا خیال آتا ہے
در حقیقت گداز الفت میں
انتہائے فشار حسرت میں
شدت سوز و ساز فرقت میں
جب مرا جی اداس ہوتا ہے
وقف حرمان و یاس ہوتا ہے
اور کسی ہمدم و یگانے سے
مسکرا کر کسی بہانے سے
اذن اظہار چاہتا ہوں میں
کوئی غم خوار چاہتا ہوں میں
مجھ کو تیرا خیال آتا ہے
تیرے بارے میں سوچتا ہوں میں