تجربے کیجیے مزید نئے

تجربے کیجیے مزید نئے
ہو بھی سکتے ہیں غم مفید نئے


آنسوؤں کی غذا مہیا کر
زخم دنیا سے کچھ خرید نئے


قیس کی صف میں ہم کو شامل کر
عشق ہم ہیں ترے مرید نئے


اینڈ پکچر یہاں پہ تھوڑی ہے
اور ابھی آئیں گے یزید نئے


کون رشتے بحال کرتا ہے
راز افشا کرے گی عید نئے


رات ہونے دو پھر بتائیں گے
زخم کس درجہ ہیں شدید نئے