شہر نے کہا گاؤں نے کہا
شہر ہنسا اور ہنستے ہنستے گاؤں سے بولا سنو سنو
اونچے ہیں مینار مرے
بڑے بڑے بازار مرے
کاریں سب چمکیلی ہیں
بسیں بھی نیلی پیلی ہیں
مل بھی ہیں مشہور بہت
محنت کش مزدور بہت
گاؤں ہنسا اور ہنستے ہنستے شہر سے بولا سنو سنو
فصلیں میری ہری ہری
گیہوں کی بالیں بھری بھری
لوگ جو سیدھے سادے ہیں
دھرتی کے شہزادے ہیں
سارے گھر آباد رہیں
بسنے والے شاد رہیں
ہم کہتے ہیں دونوں ہی تم
اپنی جگہ پر سچے ہو
اپنی جگہ پر اچھے ہو