شاخ سے پھول جدا کرتے ہو کیا کرتے ہو

شاخ سے پھول جدا کرتے ہو کیا کرتے ہو
پھر بہاروں کی دعا کرتے ہو کیا کرتے ہو


جب یہ معلوم ہے ہر وقت دعا دیتے ہیں
ایسے لوگوں سے وفا کرتے ہو کیا کرتے ہو


یہ جو تلوار ہے مظلوم کو بخشی جاتی
تم تو ظالم کو عطا کرتے ہو کیا کرتے ہو


اس طرح بات کا مفہوم بدل جائے گا
لفظ سے لفظ جدا کرتے ہو کیا کرتے ہو


شخصیت جتنی ہے اتنا ہی نظر آئے گا
قد سے آئینہ بڑا کرتے ہو کیا کرتے ہو